نئی دہلی،28؍دسمبر (ایس او نیوز؍یو این آئی) الیکشن کمیشن نے عوامی نمائندگی ایکٹ1950کی دفعہ 8/ اے کے تحت آسام میں اسمبلی اور پارلیمانی حلقوں کی حد بندی کی مشق شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے -
منگل کو الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ایک ریلیز کے مطابق، تازہ ترین سرگرمی مرکزی وزارت قانون و انصاف کی جانب سے شمال مشرقی ریاست میں حد بندی کرنے پر زور دینے کے بعد شروع کی گئی ہے -
کمیشن نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار اور الیکشن کمشنروں انوپ چندر پانڈے اور ارون گوئل کی سربراہی میں کمیشن نے آسام کے چیف الیکٹورل آفیسر کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس معاملے کو ریاستی حکومت کے ساتھ اٹھائیں تاکہ نئی انتظامی اکائیوں کی تشکیل کی جا سکے - یکم جنوری سے حد بندی کی مشق مکمل ہونے تک مکمل پابندی جاری کی جا سکے -
جیسا کہ آئین کے آرٹیکل170کے تحت لازمی قرار دیا گیا ہے، مردم شماری کے اعداد و شمار(2001)کو پارلیمانی اور اسمبلی سیٹوں کی ازسرنو ترتیب کے مقصد کیلئے استعمال کیا جائے گا- بیان میں کہا گیا ہے کہ درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کیلئے سیٹوں کا ریزرویشن آئین ہند کے آرٹیکل330/اور332کے مطابق فراہم کیا جائے گا-
کمیشن آئین کی حد بندی کے مقصد کیلئے اپنے رہنما خطوط اور طریقہ کار کو ڈیزائن اور حتمی شکل دے گا- حد بندی کے دوران، کمیشن جسمانی خصوصیات، انتظامی اکائیوں کی موجودہ حدود، مواصلات کی سہولت، عوامی سہولت اور جہاں تک ممکن ہو، حلقوں کو جغرافیائی طور پر کمپیکٹ علاقوں کے طور پر رکھا جائے گا-
ای سی آئی نے کہاکہ ایک بار جب کمیشن کے ذریعہ آسام میں حلقوں کی حد بندی کے مسودے کی تجویز کو حتمی شکل دی جائے گی، تو اسے مرکزی اور ریاستی گیزٹوں میں شائع کیا جائے گا جس میں عام لوگوں سے تجاویز/اعتراضات طلب کیے جائیں گے - اس سلسلے میں دو مقامی اخبارات میں ایک نوٹس بھی شائع کیا جائے گا جس میں ریاست میں ہونے والی عوامی میٹنگوں کی تاریخ اور جگہ کی وضاحت کی جائے گی-حد بندی ایکٹ1972کی دفعات کے تحت آسام میں حلقہ بندیوں کی حتمی حد بندی1976میں اس وقت کی حدُ بندی کمیشن نے1971کی مردم شماری کے اعداد و شمار کی بنیاد پر کی تھی-